20

اذان کیخلاف ٹویٹ، سونو نگم کیخلاف مقدمے کی درخواست-دنیا نیوز


ممبئی: (ویب ڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی گلوکار سونو نگم کیخلاف مہاراشٹرا کے ضلع اورنگ آباد کے ایک تھانے میں مقدمے کی درخواست جمع کروائی گئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ درخواست سونو نگم کی جانب سے اذان کیخلاف ٹویٹ کے ردعمل میں درج کروائی گئی ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق ضلع اورنگ آباد کی مقامی مذہبی آرگنائزیشن کے صدر ندیم رانا کی جانب سے درج کروائی گئی اس درخواست میں سونو نگم کی جانب سے مساجد میں اذان اور لاؤڈ سپیکرز کے استعمال پر تنقید کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اورنگ آباد کے کمشنر امتیش کمار کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ سونو نگم کیخلاف مقدمے کی درخواست آئی ہے تاہم ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ تاہم پولیس اس درخواست کا جائزہ لے رہی ہے۔ مقدمے کی کارروائی تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ اذانِ فجر پر سونو نگم کے ریمارکس کے بعد انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ معروف بالی ووڈ پرڈیوسر پوجا بھٹ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کے اس بیان کی شدید مذمت کی تھی۔ دوسری جانب مغربی بنگال اقلیتی یونائیٹڈ کونسل کے نائب صدر سید شا قادری نے سونو نگم کی ٹنڈ کرنے والے کو 10 لاکھ انعام دینے کا اعلان کر دیا تھا جس کے جواب میں گلوکار خود ٹنڈ کروا کے میڈیا کے سامنے آ گئے تھے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے قادری کا کہنا تھا کہ سونو نگم گرمی سے نجات حاصل کرنے کے لئے گنجے ہوئے ہیں۔ انہیں جوتے کی مالا پہن کر معافی مانگنا چاہیے۔
 

View Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں