7

وانا کرائی وائرس کے پیچھے ’ممکنہ طور پر شمالی کوریا‘-بی بی سی


تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption وانا کرائی نامی میل ویئر کو ماہرین نے ناکارہ بنا دیا ہے لیکن اب ان کے خالق کی تلاش جاری ہے

گذشتہ دنوں بڑے پیمانے پر ہونے والے وانا کرائی نامی سائبر حملے کا ذمہ دار کون تھا؟ ایک نظریے کے مطابق اس کے پیچھے شمالی کوریا کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

کمپیوٹر سکیورٹی کے ماہرین محتاط انداز سے کہہ رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر وانا کرائی حملے میں لیزارس گروپ ملوث ہو سکتا ہے۔ یہ گروپ چین سے کام کرتا ہے تاہم کہا جاتا ہے کہ اسے چلانے والوں کا تعلق شمالی کوریا سے ہے۔

اسی ہیکر گروپ نے 2014 میں سونی پکچرز کو نشانہ بنایا تھا، جب کہ 2016 میں بنگلہ دیش کا ایک بینک اس کی زد میں آیا تھا۔

٭ کیا آپ کا کمپیوٹر خطرے میں ہے؟

٭ ہیکنگ کے ذریعے تاوان کے بڑھتے واقعات، ماہرین کا انتباہ

٭ 99 ممالک غیرمعمولی سائبر حملے کی زد میں

گوگل کے سکیورٹی ماہر نیل مہتا نے دریافت کیا کہ وانا کرائی میل ویئر کے کوڈ میں اور لیزرس گروپ کے کوڈ میں مشابہتیں پائی جاتی ہیں۔

اس کے علاوہ مزید شواہد بھی شمالی کوریا کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

وانا کرائی کا ٹائم کوڈ بین الاقوامی ٹائم یو ٹی سی سے نو گھنٹے آگے ہے۔ اس کے علاوہ اس میں لکھی گئی انگریزی بظاہر مشینی ترجمہ ہے، البتہ اس میں تحریر کردہ چینی کسی اہلِ زبان کا کام لگتا ہے۔

سکیورٹی کے ماہر پروفیسر ایلن وڈورڈ کہتے ہیں کہ یہ شواہد فی الحال ناکافی ہیں لیکن ان پر مزید تحقیق کی جا سکتی ہے۔'

یہ میل ویئر یا مضر سافٹ ویئر کمپیوٹر کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتا ہے جس کی نشاندہی امریکہ کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے کی تھی لیکن اس اس کو 'ہتھیار بنانے' اور چھوڑنے والے افراد بالکل مختلف ہیں۔

Image caption روس سے جاری کیے جانے والے زیادہ تر وائرس روس کو متاثر نہیں کرتے لیکن اس وائرس نے روسی کمپیوٹروں کو بھی اپنا شکار بنایا ہے

اس وائرس کا پہلا ورژن دس فروری کو چھوڑا گیا تھا جس نے اپنا کام 25 مارچ سے شروع کیا۔ اس کے تحت سپیم ایی میل اور پھنسانے والی ویب سائٹس کا استعمال کیا گیا اور وانا کرائی 1.0 کو پھیلایا گیا لیکن اس کے جال میں کوئی نہیں آيا۔

اس کا دوسرا ورژن وانا کرائی 2.0 جس نے گذشتہ دنوں تباہی مچا دی، اس میں پہلے والے ورژن سے صرف ایک فرق تھا کہ یہ خود سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

بعض تحقیق کاروں کا خیال ہے کہ یہ ایک بالکل ہی نئے گروپ کا کام ہے۔ بعض لوگوں نے نشاندہی کی ہے کہ جو مشینیں روسی رسم الخط استعمال کرتی ہیں یہ میل ویئر ان کو بھی نقصان پہنچانے میں کامیاب رہا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption زیادہ تر تاوان وصول کرنے کی غرض سے جاری کیے جانے والے وائرس بٹکوئن میں تاوان وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں

روس سے جاری کیے جانے والے زیادہ تر میل ویئر کی خاصیت ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملک کے لوگوں پر اثرانداز ہونے سے بچتے ہیں لیکن اس نئے وائرس کے ساتھ ایسا نہیں ہے۔

فی الحال ابھی تک دو لاکھ سے زیادہ اس کا شکار ہو چکے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی نگرانی کرنا بہت مشکل ہے۔

View Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں