15

پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان کو بچھڑے اکیس سال ہوگئے-سما نیوز


لاہور: پاکستان کے پہلے ٹیسٹ کپتان عبدالحفیظ کاردار کو ہم سے بچھڑے اکیس سال ہوگئے۔ چھ سال تک پاکستان کی کپتانی اور پہلی ہی سیریز میں ٹیسٹ کھیلنے والی ہر ٹیم کو میچ ہرانے سمیت، آسٹریلیا کو پہلے ہی میچ میں شکست دینے کا ریکارڈ حفیظ کاردار کے نام ہے۔

فائٹر، انقلابی، مسلم حقوق کی آواز، جدید کرکٹ کا حامی، پاکستان کا پہلا کپتان عبدالحفیظ کاردار، سترہ جنوری انیس سو پچیس کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ کرکٹ خون میں شامل تھی، قیادت کی صلاحیتیں دنیا نے مانیں۔

انیس سو چھیالیس میں بھارتی ٹیم کی جانب سے انگلینڈ کا دورہ کیا، آزادی کے بعد پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھال لی۔ ایم سی سی کی ٹیم کو پچھاڑا، پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا حقدار بنایا، انیس سو باون میں ہی نیوٹرل امپائرز کی تعیناتی پر آواز اٹھائی اور پہلے ہی دورے میں بھارت کو لکھنو میں شکست دی۔

انگلینڈ کو انگلینڈ میں ہرایا، چھبیس ٹیسٹ کھیلے، نو سو ستائیس رنز بنائے، اکیس وکٹیں اڑائیں، تئیس میچز میں کپتانی کی، چھ جیتے، چھ ہارے، گیارہ میچز ڈرا رہے، آئی سی سی ہیڈکوارٹر لارڈز سے لاہور لانے کی باتیں کیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی پانچ سال تک سربراہی کی۔

سرفراز نواز، عمران خان، جاوید میانداد جیسے عظیم کرکٹرز کو ٹیم کا حصہ بنایا، سیاست میں حصہ لیا۔ پنجاب کے وزیر خوراک رہے، سوئٹزر لینڈ میں پاکستان کے سفیر بنے، گیارہ کتابیں لکھیں، اکیس اپریل انیس سو چھیانوے کو حفیظ کاردار اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ سماء

View Source

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں